ادب اطفال میں سائنسی فکشن کی روایت وقت کے ساتھ ساتھ جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہو رہی ہے۔ تسنیم جعفری کے منتخب ناولوں میں سائنسی فکشن کو دو بنیادی اقسام، ہارڈ اور سافٹ سائنس فکشن، کے تناظر میں جانچا جا سکتا ہے۔ ہارڈ سائنس فکشن وہ صنف ہے جو حقیقی سائنسی اصولوں، سائنسی نظریات اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہوتی ہے، جبکہ سافٹ سائنس فکشن میں سائنسی پس منظر کے ساتھ زیادہ تر سماجی، نفسیاتی اور فلسفیانہ موضوعات پر زور دیا جاتا ہے۔ تسنیم جعفری کے ناولوں میں یہ دونوں پہلو موجود ہیں۔ ان کے تخلیقی بیانیے میں سائنسی دریافتوں، خلائی تحقیق، جدید آلات، اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی نشوونما، تخلیقی سوچ، اور ایڈونچر کے عناصر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے ناول سائنسی شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور تخلیقی تربیت کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ اس تحقیقی مطالعے میں تسنیم جعفری کے ناولوں میں سائنسی فکشن کے ان دونوں رجحانات کا تجزیہ کیا جائے گا اور یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ ان کی تحریریں ادب اطفال کے ارتقا میں کیا کردار ادا کرتی ہیں۔ مزید برآں، یہ تحقیق بچوں کے ادب میں سائنسی کہانیوں کے اثرات، مقبولیت اور تعلیمی پہلوؤں کا جائزہ لینے میں بھی مدد دے گی۔